local news

مقبوضہ کشمیر کے پہلگام میں بھارتی سیاحوں پر حملہ- 25 ہلاک – World

مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں بھارتی سیاحوں کے ایک گروپ پر مسلح افراد کے حملے میں 25 بھارتی ہلاک ہوگئے ہیں۔ طویل عرصے بعد مقبوضہ کشمیر میں فائرنگ اور ہلاکتوں کا واقعہ پیش آیا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ کے مطابق منگل کی دوپہر ڈھائی بجے کے قریب مسلح افراد نے پہلگام کے بیسرن میڈوز میں بھارتی سیاحوں کے ایک گروپ پر قریب سے آکر فائرنگ کردی، حملے کے بعد خوفناک مناظر تھے، ہر طرف لاشیں بکھر گئیں۔

بھارتی ذرائع ابلاغ نے لکھا کہ سیاح جانیں بچانے کیلئے بھاگے لیکن وہاں چھپنے کی بھی کوئی جگہ نہیں تھی۔ حملے کے نشانہ بننے والوں میں کئی بھارتی جوڑے شامل تھے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک تصویر میں ایک بھارتی خاتون اپنے شوہر کی لاش کے ساتھ بیٹھی ہے۔

بیسرن میڈوز پہلگام ہل اسٹیشن سے پانچ کلومیٹر کے فاصلے پر ایک کھلا میدان ہے جہاں تک صرف پیدل یا چھوٹے گھوڑوں (پونیوں) پر جایا جا سکتا ہے۔

بھارتی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا کہ کشمیر کے مزاحمتی فرنٹ نے حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو اس واقعے کے پیچھے ہیں انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔

حملے کے بعد بھارتی وزیر داخلہ امت شاہ نے ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس بلا لیا۔ تاہم بھارتی فوج اور پولیس کے اہلکار تاخیر سے حملے کے مقام پر پہنچے اور اس وقت تک حملہ آور جا چکے تھے۔

دوسری جانب بھارتی میڈیا میں اس معاملے پر چیخ و پکار مچی ہوئی ہے۔ وہی بھارتی ذرائع ابلاغ جو گذشتہ ماہ پاکستان میں جعفر ایکسپریس پر نہتے مسافروں پر دہشت گرد حملے کے وقت جوش و خروش کا مظاہرہ کر رہے تھے منگل کو الزام تراشیوں پر اتر آئے اور پروپیگنڈہ شروع کردیا۔

مقبوضہ کشمیر کے رہنماؤں محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ نے حملے کی مذمت کی ہے۔

آن لائن بھارتی جریدے منٹ نے مزاحمتی فرنٹ سے منسوب ایک بیان شائع کیا جس میں کہا کہ کشمیر میں 85 ہزار غیر مقامی بھارتیوں کو ڈومیسائل دیئے گئے ہیں جو اس علاقے میں سیاح بن کر آتے ہیں اور پھر یہ ظاہر کرتے ہیں جیسے وہ اس علاقے کے مالک ہوں۔ مبینہ بیان میں کہا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں غیرقانونی طور پر آباد ہونے والوں پر حملے کیے جائیں گے۔

#مقبوضہ #کشمیر #کے #پہلگام #میں #بھارتی #سیاحوں #پر #حملہ #ہلاک #World

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Back to top button

Adblocker Detected

Please Turn off Ad blocker