
خیبر پختونخوا حکومت کا سرکاری امور کی ڈیجیٹائزیشن کے سلسلے میں محکمہ مواصلات و تعمیرات کے تحت پبلک ورکس مینجمنٹ اینڈ انفارمیشن سسٹم کا اجراءکر دیا گیا، وزیراعلیٰ نے افتتاح کیا
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) خیبر پختونخوا حکومت نے سرکاری امور کی ڈیجیٹائزیشن کی جانب ایک اور اہم سنگ میل عبور کر لیا۔ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے تحت پبلک ورکس مینجمنٹ اینڈ انفارمیشن سسٹم کا اجراءکر دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے سسٹم کا باضابطہ اجراءمنگل کے روز وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا۔اراکین صوبائی کابینہ اور اراکین صوبائی اسمبلی کے علاوہ متعلقہ حکام بھی تقریب میں شریک ہوئے۔ اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پبلک ورکس مینجمنٹ اینڈ انفارمیشن سسٹم کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں سے جڑے تمام معاملات ڈیجیٹائزڈ ہو جائیں گے اور اب تمام ترقیاتی منصوبے منظور شدہ پی سی ون کے عین مطابق مقررہ مدت میں مکمل کئے جاسکیں گے۔
مزید بتایا گیا کہ اس جدید سسٹم سے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تاخیر سے سرکاری خزانے پر پڑنے والے اضافی بوجھ سے بھی بچا جا سکے گا اور ترقیاتی منصوبوں کا تمام حساب کتاب ایک خودکار نظام کے تحت ہو گا جس میں غلطیوں کے امکانات کم سے کم ہونگے۔ اس کے علاوہ منصوبوں سے متعلق تمام تر معلومات ہمہ وقت آن لائن دستیاب ہوں گی اورسسٹم پر عملدرآمد سے محکمے کے عملے اور ٹھیکیداروں کے درمیان بلاتعطل رابطہ ممکن ہو گا۔ ترقیاتی سرگرمیوں کی آن لائن مانیٹرنگ کی جائے گی جس سے کام کے مطلوبہ معیار کو یقینی بنایا جاسکے گا اور غیر ضروری ایڈوانس ادائیگیوں کا سلسلہ بند ہو جائے گا۔ ترقیاتی منصوبوں پر مطلوبہ معیار کے مطابق کام کی تکمیل پر ہی ادائیگی کی جائے گی۔ نئے نظام پر عملدرآمد سے محکمے کی کارکردگی میں اضافہ ہو گا اور عوام کا اعتماد بحال ہو گا۔ وزیر اعلیٰ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ میں پبلک ورکس منیجمنٹ اینڈ انفارمیشن سسٹم کا کامیاب اجراءایک اہم سنگ میل ہے اور اس سسٹم کے اجراءپر محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
اس سسٹم کا اجراءسرکاری محکموں کے جملہ امور کو ڈیجیٹائزکرنے اور پیپر لیس گورننس کو فروغ دینے کےلئے موجودہ صوبائی حکومت کے وژن کا حصہ ہے۔اس سسٹم کے اجراءسے محکمے کے تمام امور میں شفافیت یقینی ہوگی اور محکمے کی مجموعی کارکردگی میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پبلک ورکس منیجمنٹ اینڈ انفارمیشن سسٹم کے اجراءسے محکمے میں بدعنوانی کے مواقع کو ختم کرنے میں مدد ملے گی۔ ہم بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق تمام سرکاری محکموں میں شفافیت کو یقینی بنانے، کرپشن کے خاتمے، میرٹ کی بالادستی اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کےلئے اقدامات کر رہے ہیں،موجودہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں ای گورننس پالیسی کے تحت انفارمیشن ٹیکنالوجی کا موثر استعمال عمل میں لا رہی ہے۔
وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ سرکاری محکموں میں انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی کا مو ¿ثر استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، موجودہ صوبائی حکومت اس مقصد کےلئے اپنی ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن پالیسی کے تحت شروع دن سے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ریاست کی بنیادی ذمہ داریوں میں گڈ گورننس، منیجمنٹ اور شفافیت کو یقینی بنانا بھی شامل ہے۔” ہم نے جب سے حکومت سنبھالی ہے، وہ اقدامات کر رہے ہیں جن کے ذریعے صوبے کو اٹھا سکیں،صوبے کے تمام محکموں میں ڈیجیٹائز یشن کا عمل جاری ہے کیونکہ ڈیجیٹائز یشن کے ذریعے ہی گورننس کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔ جب ہم نے حکومت سنبھالی تو صرف 18 دنوں کی تنخواہ باقی تھی اور آج ہمارے پاس تین ماہ کی ایڈوانس تنخواہ موجود ہے۔ اسی طرح 2400 سے زائد ترقیاتی اسکیموں کا بیک لاگ تھا، ترقیاتی پروگرام میں 13 سال کا تھرو فارورڈ تھا تاہم ہم بیک لاگ ختم کر رہے ہیں، پہلے سال میں تھرو فارورڈ کو کم کر کے 7 سال پر لے آئے، اور اب اسے مزید کم کریں گے۔ ایسی عمارتوں کا کوئی فائدہ نہیں جن میں خدمات اور سہولیات دستیاب نہ ہوں، ماضی میں ترقیاتی اسکیمیں وقت پر مکمل نہ ہونے کی وجہ سے 450 ارب روپے کا نقصان ہوا ہے۔ ہم نے آتے ہی پالیسی تبدیل کر دی ہے ، ہم وہی منصوبے شروع کریں گے جو مقررہ وقت میں مکمل ہو سکیں، اصلاحات اور گڈ گورننس کی بدولت ڈھائی سو ارب روپے اضافی اسی سسٹم سے نکالے ہیں جو پہلے ضائع ہو رہے تھے”۔
وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ خیبر پختونخوا واحد صوبہ ہے جس نے ڈیبٹ منیجمنٹ فنڈ بنا کر اس میں 150 ارب روپے ڈالے ہیں اور ایک جدید پورٹل بنایا ہے جس کے ذریعے عوام کے ٹیکس کے پیسے کی نگرانی کی جا رہی ہے۔ اسی پورٹل کے ذریعے ہی خودمختار اداروں میں ہم نے 297 ارب روپے کی نشاندھی کی ہے، اگر یہی پیسے ہم انویسٹ کر دیں تو ان سے سالانہ 60 ارب روپے آمدن ہوگی اور سرمایہ بھی محفوظ رہے گا۔” ہمیں کسی بھی ادارے کو گرانٹ دینے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ وہ مالی طور پر خود کفیل ہو جائیں گے”۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہم سسٹم کو ڈیجیٹائز کر کے ہی شفافیت کو فروغ دے سکتے ہیں اور اسی وژن کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں،بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق صوبے میں گورننس سسٹم کو صحیح سمت میں ڈالا ہے۔ وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے مواصلات و تعمیرات سہیل آفریدی ، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو محمد اسرار نے بھی تقریب سے خطاب کیا اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو میں متعارف کرائے گئے اقدامات ، کامیابیوں اور آئندہ کے لائحہ پر عمل تفصیلی روشنی ڈالی۔
Post Views: 89
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
#Chitral #Times #خیبر #پختونخوا #حکومت #کا #سرکاری #امور #کی #ڈیجیٹائزیشن #کے #سلسلے #میں #محکمہ #مواصلات #تعمیرات #کے #تحت #پبلک #ورکس #مینجمنٹ #اینڈ #انفارمیشن #سسٹم #کا #اجراءکر #دیا #گیا #وزیراعلی #نے #افتتاح #کیا