
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا صوبے کے ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لئے پہاڑی علاقوں میں تعمیرات سے متعلق معاملات کو ریگولیٹ کرنے کے لئے ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے مختلف شعبوں میں اصلاحاتی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے صوبے کے ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لئے ایک اہم اقدام کے طور پر صوبے کے پہاڑی علاقوں میں تعمیرات سے متعلق معاملات کو ریگولیٹ کرنے کے لئے ورکنگ گروپ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ نے اس سلسلے میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی کو مراسلہ ارسال کردیا۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں بے ہنگم تعمیرات کے نتیجے میں بڑھتے ہوئے ماحولیاتی مسائل کے تدارک کے لئے ان علاقوں میں تعمیرات سے متعلق معاملات کو ریگولیٹ کرنے کی اشد ضرورت ہے جو مخصوص گائیڈ لائنز کے نفاذ اور ان پر موثر عملدرآمد کے بغیر ممکن نہیں اور اس مقصد کے لئے وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام پر مشتمل ایک ورکنگ گروپ تشکیل دینے کی ہدایت کی ہے۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ مجوزہ ورکنگ گروپ ایڈیشنل چیف سیکرٹری منصوبہ بندی و ترقی کی سربراہی میں قائم کی جائے جس میں متعلقہ محکموں کے انتظامی سیکرٹریز، متعلقہ اداروں کے سربراہان، متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ شعبے کے ماہرین کو بطور ممبر شامل کیا جائے۔
ورکنگ گروپ کی ذمہ داریوں کے بارے میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ ورکنگ گروپ اس اہم موضوع پر لاجورد نامی نجی تنظیم کے شائع کردہ ریسرچ ڈاکومنٹ ” ماونٹین آرکیٹیکچر گائیڈ لائنز” کا تفصیلی جائزہ لے اور ان گائیڈ لائنز کو صوبے کے ماحولیاتی، ثقافتی، تعمیراتی تقاضوں اور معروضی حالات سے ہم آہنگ بنانے اور انہیں صوبائی حکومت کے متعلقہ قوانین اور قواعد و ضوابط میں ضم کرنے کے لئے ان قواعدو ضوابط اور قوانین میں ضروری ترامیم تجاویز کرے۔
اس کے علاوہ ورکنگ گروپ مقامی سطح کے ترقیاتی اور بلدیاتی اداروں کے ذریعے ان گائیڈ لائنز کے موثر نفاذ کے لئے میکینزم ترتیب دے اور صوبے کے پہاڑی علاقوں میں موجودہ اور نئے تعمیرات میں ان گائیڈ لائنز کو لازمی طور پر اپنانے کے سلسلے میں فنانشل فیزیبلٹی کا بھی جائزہ لے اور ان گائیڈ لائنز کو صوبے کے تمام پہاڑی علاقوں تک مرحلہ وار توسیع کے لئے لائحہ عمل ترتیب دے جبکہ ٹیکنیکل اور فنانشل سپورٹ کے لئے متعلقہ قومی اور بین الاقوامی شراکت دار اداروں کے ساتھ رابطے قائم کرے۔
مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ورکنگ گروپ دو مہینوں میں وزیر اعلیٰ کو اس سلسلے میں قابل تجاویز اور عملدرآمد کے طریقہ کار پر مشتمل پلان پیش کرے۔
Post Views: 114
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریں
#Chitral #Times #وزیر #اعلی #خیبر #پختونخوا #کا #صوبے #کے #ماحولیاتی #نظام #کے #تحفظ #کے #لئے #پہاڑی #علاقوں #میں #تعمیرات #سے #متعلق #معاملات #کو #ریگولیٹ #کرنے #کے #لئے #ورکنگ #گروپ #تشکیل #دینے #کا #فیصلہ